السلام علیکم ورحمۃ اللہ تعالی وبرکاتہ
امید ہے حضرت اپ خیر و عافیت سے ہوں گے کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مفتیان شرع اس مسئلے کے بارے میں کہ
ہٹیلے والے بابا کے نام سے فاتحہ کروا سکتے ہیں اور انکی مزار بہرائچ شریف میں ہے لوگ کہتے کیا ہٹیلے والے بابا کی ولایت ہے کی نہیں حضرت اس کا جواب حوالے کے ساتھ عنایت فرمائے اپ کی بڑی مہربانی ہوگی
نام محمد معروف رضا اسماعیلی شہر لکھنو ملک انڈیا
الجواب بعون الملک الوہاب
صورتِ مسئولہ میں ہٹیلے والے بابا نامی بزرگ کی شخصیت اور ان کی ولایت کا معتبر ثبوت کتبِ مستندہ سے ثابت نہ ہونے کی وجہ سے ہم یقین کے ساتھ یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ ولیِ اللہ تھے۔ محض عوام میں مشہور ہونا ولایت کے ثبوت کے لیے کافی نہیں
البتہ اگر وہ مسلمان تھے اور ان کا انتقال اسلام پر ہوا ہے تو ان کے لیے قرآنِ پاک درود شریف وغیرہ پڑھ کر ایصالِ ثواب کرنا جائز ہے، خواہ وہ ولی ہوں یا عام مسلمان کیونکہ ایصالِ ثواب کا جواز عام ہے
صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں
ایصالِ ثواب یعنی قرآن مجید یا درود شریف یا کلمہ طیبہ یا کسی نیک عمل کا ثواب دوسرے کو پہنچانا جائز ہے
(بہارِ شریعت، جلد 3 حصہ 16 ص 642)
لہٰذا ہٹیلے والے بابا کو صرف اس بنیاد پر ولی ماننا کہ لوگ انہیں ولی کہتے ہیں، درست نہیں اور اگر ان کا مسلمان ہونا ثابت ہو تو ان کے لیے فاتحہ و ایصالِ ثواب کرنا جائز ہے۔ نیز فاتحہ میں ثواب اللہ تعالیٰ سے مانگا جائے اور اس کا ثواب مذکورہ بزرگ کو پہنچانے کی نیت کی جائے
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
کتبہ العبد خاکسار ناچیز محمد شفیق رضا رضوی خطیب و امام سنّی مسجد حضرت منصور شاہ رحمت اللہ علیہ بس اسٹاپ کشنپور فتحپور الھند
✔️✔️✔️ الجواب صحیح والمجیب النجیح خلیفہ حضور تاج الشریعہ و نواسہ امام علم فن مفتی خواجہ صبر نواز قادری رضوی بانی دارالعلوم فیضان امام علم فن للبنات بہار
