شرعی سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلے میں کہ میت نے اپنی تدفین کے متعلق کوئی وصیت کی ہو تو کیا اسی وصیت کے مطابق دفن کرنا ضروری ہے یا شرعی ولی کو اس کے خلاف فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہے؟
سائل: عبد الجلیل اشرفی مقام: علاقہ گوالپوکھر، اتر دیناج پور
الجواب بعون الملک الوہاب
صورتِ مسئولہ میں اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمۃ والرضوان کے ارشاد کے مطابق دفن کے متعلق میت کی وصیت واجب العمل نہیں لہٰذا شرعی ولی پر ہر حال میں میت کی وصیت کے مطابق تدفین کرنا لازم نہیں بلکہ اسے شرعی احکام کی رعایت کرتے ہوئے مناسب فیصلہ کرنے کا اختیار ہے
اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ فرماتے ہیں وصیت دربارۂ دفن واجب العمل نہیں(فتاویٰ رضویہ، جلد ۹، صفحہ ۴۰۵، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)
البتہ اگر میت کی وصیت جائز ہو اور اس پر عمل کرنے میں کوئی شرعی ممانعت نہ ہو تو اس کی خواہش کا لحاظ کرنا درست ہے۔ اور اگر وصیت خلافِ شرع ہو مثلاً اپنے گھر میں دفن کرنے کی وصیت کرے تو اس پر عمل نہیں کیا جائے گا بلکہ عام مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کیا جائے گا
خلاصہ: میت کی وصیت کے مطابق دفن کرنا ہر صورت میں لازم نہیں شرعی ولی کو شرعی حدود کے اندر فیصلہ کرنے کا اختیار ہے
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
کتبہ العبد خاکسار ناچیز محمد شفیق رضا رضوی خطیب و امام سنّی مسجد حضرت منصور شاہ رحمت اللہ علیہ بس اسٹاپ کشنپور فتحپور الھند
✔️✔️✔️ الجواب صحیح والمجیب النجیح خلیفہ حضور تاج الشریعہ و نواسہ امام علم فن مفتی خواجہ صبر نواز قادری رضوی بانی دارالعلوم فیضان امام علم فن للبنات بہار
