(سوال) کیا اپنی لمبی عمر کے لیے دعا کر سکتے ہیں؟ حدیث کی روشنی میں جواب مرحمت فرمائیں۔
(جواب) اپنی لمبی عمر کے لیے دعا کرنا جائز ہے جب عمر طاعت الٰہی میں گزارنے کی نیت سے مانگی جائے۔ نبی کریم ﷺ سے ثابت ہے کہ آپ ﷺ نے یہ دعا سکھائی: اللَّهُمَّ أَصْلِحْ لِي دِينِيَ الَّذِي هُوَ عِصْمَةُ أَمْرِي، وَأَصْلِحْ لِي دُنْيَايَ الَّتِي فِيهَا مَعَاشِي، وَأَصْلِحْ لِي آخِرَتِيَ الَّتِي فِيهَا مَعَادِي، وَاجْعَلِ الْحَيَاةَ زِيَادَةً لِي فِي كُلِّ خَيْرٍ، وَاجْعَلِ الْمَوْتَ رَاحَةً لِي مِنْ كُلِّ شَرٍّ. (صحيح مسلم: ٢٧٢٠): الہی! میرے دین کو درست کر دے جو میرے کاموں کی بنیاد ہے، اور میری دنیا کو درست کر دے جس میں میرا گزارا ہے، اور میری آخرت کو درست کر دے جس کی طرف مجھے لوٹنا ہے اور زندگی کو میرے لیے ہر بھلائی میں زیادتی کا سبب بنا، اور موت کو ہر برائی سے راحت کا ذریعہ بنا۔ لہذا، اگر کوئی شخص لمبی عمر کی دعا مانگے تاکہ زیادہ عبادت، نیک اعمال اور اللہ کی رضا حاصل کر سکے تو یہ دعا درست ہے اس کے علاوہ بہت احادیث میں عمر رسیدہ لوگوں کا فضائل کا ذکر بھی موجود ہے۔ ایک اور حدیث مبارک میں میں ہے کہ نبی کریم ﷺ سے پوچھا گیا: يا رسول الله أي الناس خير، قال: من طال عمره، وحسن عمله، قال: فأي الناس شر؟ قال:من طال عمره وساء عمله. (یا رسول الله ﷺ: سب سے بہترین انسان کون ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: وہ شخص جس کی عمر لمبی ہو اور عمل اچھے ہوں۔ اسی روایت کے دوسرے حصے میں فرمایا: اور بدترین شخص وہ ہے جس کی عمر لمبی ہو اور عمل برے ہوں۔ (سنن الترمذی، م: ٢٣٣٠) والله تعالى أعلم بالصواب
(سوال) کیا بیٹی اپنے باپ کو زکوٰۃ دے سکتی ہے؟
(جواب) بیٹی اپنے باپ کو زکوٰۃ نہیں دے سکتی، ملتقی (ص: ٣٣١) میں ہے: ولا يدفع إلى أصله وإن علا أو فرعه وإن سفل أو زوجته. والله تعالى أعلم۔
(سوال) کیا روزے کی حالت میں بیوی کو بوسہ دے سکتے ہیں؟
(جواب) اگر روزے دار کو اپنے نفس پر قابو ہو اور یہ اندیشہ نہ ہو کہ بوسہ دینے سے شہوت بڑھ کر انزال یا جماع تک پہنچ جائے گا، تو بیوی کو بوسہ دینا جائز ہے۔ لیکن اگر اندیشہ ہو کہ اس سے انزال یا جماع ہو سکتا ہے، تو پھر بوسہ دینا مکروہ ہوگا۔ کیونکہ بوسہ بذاتِ خود روزہ توڑنے والا عمل نہیں ہے، مگر اس کا نتیجہ روزہ توڑنے کا سبب بن سکتا ہے۔ في الفتح القدير (٣٣١/٢): (ولا بأس بالقبلة إذا أمن على نفسه) أي الجماع أو الإنزال (ويكره إذا لم يأمن) لأن عينه ليس بمفطر وربما يصير فطرا بعاقبته فإن أمن يعتبر عينه وأبيح له، وإن لم يأمن تعتبر عاقبته وكره له. اسی طرح البحر (٢٩٤/٢) میں ہے۔ والله تعالى أعلم۔
(سوال) زید نے ایک پلاٹ خریدا (٧٥٠ اسکوائر فٹ) اور اس پر مکان تعمیر کر رہا ہے۔ تعمیر کے ایک منزلہ ہو جانے کے بعد وہ گیلری نکال رہا ہے جو اس کی مملوکہ زمین سے باہر آ رہی ہے، اور اس کے ایسا کرنے سے کسی کو کوئی تکلیف بھی نہیں ہو رہی۔ تو کیا اس کا ایسا کرنا جائز ہے؟
(جواب) اگر مقامی قوانین کے مطابق یا عرف میں اس کی اجازت ہو تو جائز ہوگا ورنہ اسے بنانا جائز نہ ہوگا۔ والله تعالى أعلم۔
(سوال) ایک شخص نے دو مہینے پہلے پلاٹ خریدا ہے تو کیا اس کے لیے سال گزرنا ضروری ہے؟
(جواب) اگر پلاٹ خریدنے کی نیت تجارت کے لیے ہو، یعنی اسے آگے بیچنے کے ارادے سے لیا گیا ہو، تو یہ مالِ تجارت میں شمار ہوگا اور اس پر زکوٰۃ واجب ہوگی، بشرطیکہ اس کی ملکیت پر ایک سال گزر جائے اور نصاب کے برابر یا زیادہ ہو۔ سال گزرنے کا آغاز اس وقت سے ہوگا جب سے وہ پلاٹ اس کی ملکیت میں آیا ہے، اور سال مکمل ہونے پر اس کی موجودہ مارکیٹ ویلیو کے حساب سے زکوۃ نکالی جائے گی۔ اور اگر پلاٹ ذاتی استعمال (مثلاً گھر بنانے) کے لیے خریدا گیا ہو، تو اس پر زکوٰۃ واجب نہیں ہے، چاہے کئی سال گزر جائیں۔ والله تعالى أعلم۔
(سوال) بھائی اور بہن کے جنازے کی نماز ایک ساتھ پڑھ سکتے ہیں؟نماز کیسے پڑھی جائے؟
(جواب) اگر دو یا زیادہ جنازے ہوں، جیسے بھائی اور بہن، تو ان کی نمازِ جنازہ ایک ساتھ پڑھی جا سکتی ہے, اس صورت میں امام کے سامنے جنازہ رکھنے کے دو طریقے ہیں، دونوں میں سے کوئی بھی طریقہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔ پہلا طریقہ یہ ہے کہ مرد کا جنازہ امام کے سینے کے سامنے رکھا جائے اور اس جنازے کی پائنتی یا سرہانے کی جانب عورت کا جنازہ رکھا جائے، البتہ امام افضل کے سامنے کھڑا ہو۔ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ امام کے آگے مرد کا جنازہ رکھیں اور اس کے بعد قبلے والی جانب عورت کا جنازہ رکھیں۔ امام نیت اور دعا میں دونوں جنازوں کا ذکر کرے گا۔ والله تعالى أعلم۔
(سوال) کیا Airdopes (وائرلیس ایئرفونز) بیچ کر کمائی گئی رقم حلال ہے؟
(جواب) حلال ہے۔ والله تعالى أعلم بالصواب
كتبه: ندیم ابن علیم المصبور العینی
