السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکتہ
کیا فرماتے ہیں علماء کرام و مفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ عوام میں ایک یہ سوال کیا گیا کہ انسانیت پہلے ہے یا مذہب تو اس کا کیا جواب دیا جائے گا برائے مہربانی جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی فقط والسلام
المستفی عبد اللہ
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ
الجواب بعون الملک الوہاب
صورتِ مسئولہ میں عرض ہے کہ انسانیت پہلے ہے یا مذہب؟ یہ سوال اپنے اندر ایک غلط مفروضہ رکھتا ہے کیونکہ اسلام نے مذہب اور انسانیت کو ایک دوسرے کے مقابل نہیں رکھا بلکہ اسلام ہی نے انسانوں کے حقوق باہمی ہمدردی عدل و انصاف رحم و کرم اور حسنِ سلوک کی تعلیم دی ہے
لہٰذا مسلمان کے لیے یہ کہنا درست نہیں کہ انسانیت کے لیے مذہب کو پیچھے چھوڑ دیا جائے بلکہ صحیح بات یہ ہے کہ دینِ اسلام مقدم ہے اور اسی دین کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے انسانیت کے حقوق ادا کیے جاتے ہیں
اللہ تعالیٰ قرآنِ کریم میں ارشاد فرماتا ہے ﴿إِنَّ الدِّينَ عِندَ اللَّهِ الْإِسْلَامُ﴾ ترجمہ: بے شک اللہ تعالیٰ کے نزدیک دین اسلام ہی ہے (سورۂ آلِ عمران آیت: 19)
دوسری جگہ ارشاد فرماتا ہے ﴿وَقُولُوا لِلنَّاسِ حُسْنًا﴾ ترجمہ اور لوگوں سے اچھی بات کہو (سورۂ بقرہ آیت: 83)
اور نبی کریم ﷺ نے فرمایا «مَنْ لَا يَرْحَمْ لَا يُرْحَمْ» ترجمہ: جو رحم نہیں کرتا اس پر رحم نہیں کیا جاتا (صحیح البخاری کتاب التوحید صحیح مسلم کتاب الفضائل)
اس سے معلوم ہوا کہ اسلام عبادات کے ساتھ ساتھ بندوں کے حقوق اور حسنِ معاشرت کی بھی تعلیم دیتا ہے۔ کسی انسان پر ظلم کرنا اس کا حق مارنا اس کی عزت پامال کرنا یا بلاوجہ اسے تکلیف پہنچانا شرعاً ناجائز ہے خواہ وہ کسی بھی مذہب یا قوم سے تعلق رکھتا ہو
البتہ انسانیت کے نام پر کسی شرعی حکم کو چھوڑ دینا یا دینِ اسلام کو ثانوی حیثیت دینا ہرگز درست نہیں۔ کیونکہ انسانیت کا صحیح معیار بھی ہمیں وحیِ الٰہی سے ہی حاصل ہوتا ہے اگر مذہب کو بالکل الگ کر دیا جائے تو ہر شخص اپنی خواہش اور عقل کے مطابق انسانیت کی نئی تعریف قائم کرسکتا ہے جبکہ اسلام نے خیر و شر اور جائز و ناجائز کا واضح معیار عطا فرمایا ہے
لہٰذا اسلام میں مذہب اور انسانیت باہم متصادم نہیں مسلمان کے لیے دینِ اسلام مقدم ہے اور دینِ اسلام ہی انسانوں کے ساتھ رحم عدل محبت حسنِ سلوک اور حقوق کی ادائیگی کا حکم دیتا ہے اس لیے مذہب کو چھوڑ کر انسانیت تلاش کرنا درست نہیں بلکہ اسلام کی تعلیمات پر چلنا ہی حقیقی انسانیت ہے
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
کتبہ العبد خاکسار ناچیز محمد شفیق رضا رضوی خطیب و امام سنّی مسجد حضرت منصور شاہ رحمت اللہ علیہ بس اسٹاپ کشنپور فتحپور الھند
✔️✔️✔️ الجواب صحیح والمجیب النجیح خلیفہ حضور تاج الشریعہ و نواسہ امام علم فن مفتی خواجہ صبر نواز قادری رضوی بانی دارالعلوم فیضان امام علم فن للبنات بہار انڈیا
