اپنی دعوت میں دوسرے کو بھیجنا شرعاً کیسا ہے
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ آج کل دیہاتوں میں اکثر دیکھاجاتا ہے کہ اپنے دعوت میں دوسرے کو بھیجتے ہیں تو انکا ایسا کرنا کیسا ہے جواب عنایت فرمائے برائے مہربانی
فقط والسلام
سائل؛ محمد تبریز عالم دہلی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
الجوابـــــ بعون الملکـــــ الوھاب
اگر دعوت عام ہو تو شرکت میں کوئی حرج نہیں- مگر کسی کو دعوت خاص کر دے، تو مناسب نہیں کہ وہ دوسرے کو بھیجے, یہ اس کے لیے درست نہیں ہے اس سے میزبان کو دلی تکلیف ہوگی- اس لیے کہ شریعت میں حکم یہی ہے کہ اگر کوئی مومن بھائی تمہیں دعوت کرے، تو تم ضرور شرکت کرو، تاکہ وہ خوش ہوجائے البتہ اگرمیزبان سے اجازت لے لیں، اور وہ اجازت دے دے، تو پھر کوئی حرج نہیں سرکار اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضلِ بریلوی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ دعوت ولیمہ کا قبول کرنا سنتِ مؤکدہ ہے, جبکہ وہاں کوئی معصیت مثل مزامیر وغیرہ نہ ہو، نہ کوئی مانع شرعی ہو, اور اس کا قبول وہاں جانے میں ہے' کھانے نہ کھانے کا اختیار ہے' باقی عام دعوتوں کا قبول افضل ہے، جبکہ نہ کوئی مانع ہو, نہ کوئی اس سے زیادہ اہم کام ہو، اور خاص اس کی کوئی دعوت کرے, تو قبول نہ کرنے کا اسے مطلقاً اختیار ہے (احکام شریعت صفحه 156) اور حضور صدرالشریعہ بدرالطریقہ حضرت علامہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ دو دسترخوان پر کھایا جا رہا ہے تو ایک دسترخوان والا دوسرے دسترخوان والے کو کوئی چیز اس پر سے اٹھا کر نہ دے۔ مگر جبکہ یقین ہو کہ صاحب خانہ کو ایسا کرنا ناگوار نہ ہوگا'(بہار شریعت جلد 3 حصہ 393 ضیافت ولیمہ کا بیان) لہذا جب دو دسترخوان میں کوئی چیز جس سے صاحب خانہ کو ناگوار گزرے، اٹھا کر دینا منع ہے, تو پھر بلا دعوت کسی کو بھیجنے یا اپنے ساتھ لے جانے پر بدرجہ اولی کراہت ہوگا'مزید معلومات کے لئے رسم و رواج کی شرعی حیثیت صفحه 248 ولیمہ کا بیان کا مطالعہ کریں، مفید ثابت ہوگا-'
واللہ اعلم بالصواب
کتبہ فقیر محمد عمران رضا ساغر
0 Comments:
براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ