Headlines
Loading...
لا إله إلا أنت الخ. یہ دعا نماز میں پڑھنا کیسا

لا إله إلا أنت الخ. یہ دعا نماز میں پڑھنا کیسا



(مسئلہ) کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ مجمع عام میں یا نماز میں لا إله إلا أنت سبحانك إنی کنت من الظلمین پڑھ کر دعا مانگنا اور لوگوں کا آمین کہنا ناجائز ہے جیسا کہ فتاوی فقیہ ملت اور تفسیر رازی میں لکھا ہے؟ مفصل جواب عنایت فرمائیں۔

(جواب) لا إله إلا أنت سبحنك إنی کنت من الظلمین، یہ ایک دعائیہ کلمہ ہے جس کا مطلب ہے الہی کوئی معبود نہیں سوا تیرے پاکی ہے تجھ کو، بیشک مجھ سے بے جا ہوا۔ کلمۂ دعا کی دو قسمیں ہیں: (١) جس میں مانگنا ہو، جیسے اللهم أغفرلي. (٢) جس کے ذریعہ بندہ رب تعالی کو پکارنے کا ارادہ کرے، جیسے: سبحان الله۔ آمین ہم دعا کی اول قسم پر بولتے ہیں کہ آمین کا معنی ہوتا ہے”اللهم استجب“ یعنی الہی! قبول فرما۔ اور یہ کسی اور کی دعا پر کہا جاتا ہے خود اپنی دعا پر نہیں اور یہ اس لیے کہ داعی کی دعا میں شامل ہوا جاسکے۔ مثلا: امام نماز میں سورتِ فاتحہ پڑھتا ہے جس کے آخر میں دعا ہے اور مقتدی اس کے پیچھے خاموش رہتے ہیں، قراءت نہیں کرتے لیکن آخر میں آمین کہہ کر امام کی دعا میں شامل ہوجاتے ہیں۔

قسمِ دوم پر آمین کہنا مناسب نہیں ہے کہ یہ عرف میں عام نہیں لیکن یہ مکروہ یا ناجائز بھی نہیں ہے۔ اور اس صورت میں کہ اس سے قبل یا بعد بھی اول قسم کی دعا ہوتو غیر مناسب بھی نہیں کہ آمین کو اگلی یا پچھلی دعا کے لیے سمجھا جاسکتا ہے۔ امام اگر کہے: الہی میں ظالم ہوں اور مقتدی اس پر آمین کہیں تو یہ امام کو ظالم ٹھہرانے یا اس کے ظلم کے ثبوت کے لیے نہیں ہوتا جیسا کہ بعض نے سمجھا ہے کیونکہ آمین کا مطلب ”تُو ایسا ہی ہے نہیں ہوتا اور یہاں اکثر مقتدی عربی نہیں جانتے، وہ جب آمین کہتے ہیں تو انہیں اس بات کا علم نہیں ہوتا کہ وہ امام صاحب کی دعا پر آمین کہہ رہے ہیں یا دعا کی تمہید پر تو ان پر کیسا الزام! پھر بھی بہتر ہے کہ جب آمین کہنے کا مقام آئے امام صاحب لحمہ بھر کے لیے خاموش ہوجائیں جیسا کہ وہ ولا الضالین“ کے بعد رکتے ہیں یا آواز میں یوں تبدیلی لائین جس سے مقتدی سمجھ لیں کہ اب وقتِ آمین آگیا۔ تفسیر کبیر میں ایسا لکھا ہوا میں نے نہیں پایا، فتاوی فقیہ ملت میں ایسا لکھا ہے اور میں سمجھ نہ سکا کہ ایسا کس وجہ سے فرمایا ہے۔ والله تعالی اعلم

کتبہ ندیم المصبور العینی مہاراشٹر ممبئی الھند

0 Comments:

براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ