کیا قربانی کا سارا گوشت اپنے لئے رکھ سکتے ہیں؟
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
مسئلہ کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ زیدکےپاس ایک قربانی کابقرہ ہے جو سال بھرسےاوپرمگرہلکا اور زیدکا فیملی زیادہ ہےکیاوہ گوشت پورا ااپنےخرچ میں ےسکتاہے یا تیسری میں ایک حصہ غریبوں میں تقسیم کرنا ضروری ہے حکم شرع کیا ہےجواب ارسال فرمائیں عین کرم نوازش ہوگی
السائل وصیداحمدرضوی گرام ریگاؤضلع گونڈہ یوپی 26/6/2020
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
حضور صدر الشریعہ بدر الطریقہ علیہ الرحمۃ والرضوان بہار شریعت میں تحریر فرماتے ہیں کہ " قربانی کا گوشت خود بھی کھا سکتا ہے اور دوسرے شخص غنی یا فقیر کو دے سکتا ہے بلکہ اس میں سے کچھ کھا لینا قربانی کرنے والے کے لئے مستحب ہے بہتر یہ ہے کہ گوشت کے تین حصے کرے ایک حصہ فقراء کے لئے اور ایک حصہ دوست و احباب کے لئے اور ایک حصہ اپنے گھر والوں کے لئے ایک تہائی سے کم صدقہ نہ کرے اور کل کو صدقہ کردینا بھی جائز ہے اور کل گھر ہی رکھ لے یہ بھی جائز ہے تین دن سے زائد اپنے اور گھر والوں کے کھانے کے لئے رکھ لینا بھی جائز ہے اور بعض حدیثوں میں جو اسکی ممانعت آئی ہے وہ منسوخ ہے اگر اس شخص کے اہل و عیال بہت ہوں اور صاحب وسعت نہیں ہے تو بہتر ہے کہ سارا گوشت اپنے بال بچوں ہی کے لئے رکھ چھوڑے " اھ (ح:15/ص:345/ قربانی کے جانور کا بیان / مجلس المدینۃ العلمیۃ دعوت اسلامی ) اور فتاوی ھندیہ میں ہے کہ" و یستحب أن یأکل من أضحیتہ و یطعم منھا غیرہ والافضل ان یتصدق بالثلث و یتخذ الثلث ضیافۃ لاقاربہ و اصدقائہ و یدخر الثلث و یطعم الغنی والفقیر جمیعا کذا فی البدائع ولو تصدق بالکل جاز ولو حبس الکل لنفسہ جاز ولہ ان یدخر الکل لنفسہ فوق ثلابثۃ ایام الا أن اطعامھا والتصدق بھا افضل الا ان یکون الرجل ذا عیال و غیر موسع الحال فان الافضل حینئذ ان یدعہ لعیالہ و یوسع علیھم و کذا فی البدائع " اھ( ج:5/ص:300/ الباب الخامس فی بیان محل اقامۃ الواجب / بیروت )
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
کتبہ اسرار احمد نوری بریلوی خادم التدریس والافتاء مدرسہ عربیہ اہل سنت فیض العلوم کالا ڈھونگی ضلع نینی تال اتراکھنڈ 26---جون---2020---بروز جمعہ
0 Comments:
براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ