Headlines
Loading...
جس طرح نبی کریم معصوم ہیں کیا ایسے ہی اہلبیت بھی معصوم ہیں

جس طرح نبی کریم معصوم ہیں کیا ایسے ہی اہلبیت بھی معصوم ہیں

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

علماء کرام و مفتیان عظام کی بارگاہ میں عرض ہیکہ جس طرح نبی کریم معصوم ہیں کیا ایسے ہی اہلبیت بھی معصوم ہیں؟ اگر نہیں تو انکے بارے میں جو آیت تطہیر نازل ہوئی اس کا کیا جواب ہوگا؟بحوالہ اور جلد جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی

سائل: عامر رضوی بندکی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ

الجواب بعون الملک الوہاب

عصمت انبیائے کرام علیہم الصلواة والسلام اور ملائکہ کا خاصہ ہے ان کے علاوہ آل بیت اطہار،صحابہ کرام کو معصوم جاننا احکام اسلام کے منافی ہے کہ ایسا عقیدہ روافض ملاعنہ کا ہے جو کفر ہے یہ اور بات ہےکہ اللہ رب العزت اپنے فضل وکرم سے انہیں معصیات سے پاک رکھے اگر وے بھی معصوم ہوتے تو قرآن حکیم میں ازواج مطہرات کے بارے یہ ارشاد کیونکر ہوتا یا نساء النبی من یات منکن بفاحشة مبینة یضاعف لہا العذاب ضعفین وکان ذالک علی اللہ یسیرا (سورة الاحزاب پ٢٢آیت٣٠)دوسری جگہ ارشاد فرمایا یا نساء النبی لستن کاحد من النساء ان اتقیتن فلا تخضعن بالقول فیطمع الذی فی قلبہ مرض وقلن قولا معروفا(سورة الاحزاب پ+ آیت٢٢)ان آیات مبارکہ سے معلوم ہوا کہ غیر انبیاء معصوم نہیں ہیں آیت تطہیر میں اللہ رب العزت نے اہل بیت کی عفت وپاکدامنی کو بیان فرمایا ہے نہ کہ انکی عصمت کو چنانچہ ارشاد فرمایا انما یرید اللہ لیذہب عنکم الرجس اھل البیت ویطہرکم تطہیرا (سورة الاحزاب پ٢٢آیت ٣٣) یعنی اللہ تو یہی چاہتا ہے اے نبی کے گھر والو کہ تم سے ہر ناپاکی کو دور فرمادے اور تمہیں پاک کرکے خوب ستھرا کردے(کنزالایمان)اس آیہ کریمہ کے اندر اللہ رب العزت نے اہل بیت کی عفت کوبیان فرمایا کہ اہل بیت سے معصیت ممکن ہے مگر اللہ تعالی نے اپنے فضل خاص سے انہیں محفوظ فرمادیاہے اور یہ انکی فضیلت بھی ہے اور انہیں نصیحت بھی چنانچہ اسکی تفسیر فرماتے ہوئے حضرت صدر الافاضل علیہ الرحمہ رقمطراز ہیں اس آیت سے اہل بیت کی فضیلت ثابت ہوتی ہے ان آیات میں اہل بیت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو نصیحت فرمائ گئ ہے تاکہ وہ گناہوں سے بچیں اور تقوی وپرہیزگاری کے پابند رہیں مزید فرمایا اس طرز کلام سے مقصود یہ ہیکہ ارباب عقول کو گناہوں سے نفرت دلائ جائےاور تقوی وپرہیزگاری کی ترغیب دی جائے(ملخصا خزائن العرفان)اور سیدی سرکار تاج الشریعہ علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں عصمت خاصہ انبیاءکرام وملائکہ عظام ہے غیر انبیاء وملائکہ کو معصوم جاننا فی الواقع شیعہ کا عقیدہ کفریہ ہے اور پنجتن پاک اور دیگر ائمہ اہل بیت سے محبت اور انکی عظمت اللہ ورسول سے ایمان کی علامت اور اللہ ورسول کی عین اطاعت ہے اور انہیں پاک کہنا کیونکر منع ہوگا جبکہ اللہ عز وجل نے انہیں خود پاک کہا قال تعالی انما یرید اللہ لیذہب عنکم الرجس اہل البیت ویطہرکم تطہیرا ( فتاوی تاج الشریعہ دوم ص٣١٨ )معلوم ہوا کہ عصمت انبیاء کرام وملائکہ عظام کا خاصہ ہے غیر انبیاء وملائکہ کو معصوم جاننا شیعہ کا عقیدہ کفریہ ہے اور آیت تطہیر میں اہل بیت کی عفت کا بیان ہے نہ کہ انکی عصمت کا 

واللہ تعالی اعلم باالصواب 

کتبہ محمد مزمل حسین نوری مصباحی کشن گنج بہار 

0 Comments:

براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ