ذبح اور قربانی
کیا قربانی کا جانور پل صراط پر سواری بنے گا ؟
سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیا قربانی کا جانور پل صراط پر سواری بنے گا مدلل دلیل و حوالہ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی
المستفتی محمد ناظر القادری
جواب
جی ہاں قربانی کا جانور پل صراط پر سواری بنے گا جیسا کہ
سرکارِ نامدار،مدینے کے تاجدار، بِاِذنِ پَرْوَرْدَگار دوعالَم کے مالِک ومُختار،شَہَنْشاہِ اَبرار صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ عالی شان ہے
انسان بَقَرہ عید کے دن کوئی ایسی نیکی نہیں کرتا جو اللہ عَزَّوَجَلَّ کو خون بہانے سے زیادہ پیاری ہو،یہ قُربانی قِیامت میں اپنے سینگوں بالوں اور کُھروں کے ساتھ آئے گی اور قربانی کا خون زمین پر گرنے سے پہلے اللہ کے ہاں قَبول ہوجاتا ہے۔
لہٰذا خوش دِلی سے قُربانی کرو
[تِرمِذی،ج3،ص162،حدیث1498]
اور حضرتِ سیِّدُنا علّامہ علی قاری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الحَنّان فرماتے ہیں پھر اس کے لئے سُواری بنے گی جس کے ذَرِیعے یہ شخص بآسانی پُل صراط سے گزرے گا اور اُس (جانور) کا ہر عُضو مالِک (یعنی قُربانی پیش کرنے والے) کے ہر عُضْو (کیلئے جہنَّم سے آزادی) کافِدیہ بنے گا
[مِرْقاۃُ الْمَفاتِیح ج3،ص574،تحتَ الحدیث1470،مراٰۃ ج2، ص375]
معلوم ہوا کہ قیامت کے دن قربانی کا جانور سواری بنے گا فقط والسلام
واللہ ورسولہ اعلم بالصواب
کتبہ العبد خاکسار ناچیز محمد شفیق رضا رضوی
خطیب و امام سنّی مسجد حضرت منصور شاہ رحمت اللہ علیہ بس اسٹاپ کشنپور الھند
0 Comments:
براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ