Headlines
Loading...
فون پر طلاق دیکر شوہر انکار کرے تو کیا حکم ہے

فون پر طلاق دیکر شوہر انکار کرے تو کیا حکم ہے

Gumbade AalaHazrat

سوال
  کیافرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ زید لیبیا میں رہتا ہے وہ اپنی بہن سے ٢٧ مئی ٢٠٢٠ کو imo سے بات کررہا تھا اس کی بیوی ہندہ بھی وہیں تھی بقول ہندہ اس پر اس نے کہا کہ ہم تم کو طلاق دے رہے ہیں یہ جملہ اس نے تین بار کہا اس کے بعد فون کٹ گیا اس جملے کو اس کی ماں اور بہن دونوں نے سنا خبر پا کر زید کے والد نے یہ بات زید کی ماں اور بہن سے پوچھی تو وہ گول مول جواب دینے لگیں زید کبھی دو طلاق کا اقرار کرتا ہے کبھی ایک کا تو کبھی انکار کر رہا ہے۔ اور ٢٧ مئی ٢٠٢٠ سے اب تک زوجین کے درمیان بات چیت بند ہے لہذا معلوم یہ کرنا ہے کہ زید کی بیوی (ہندہ ) پرکتنی طلاقیں واقع ہوئیں جواب عنایت فرمائیں المستفی شبلی نعمانی، مقام اندرواں عباد اللہ پوسٹ تھاوے تھانہ و ضلع گوپال گنج (بہار) 841440

       جواب

شوہر نے دو طلاق کا اقرار کیا اور تیسری کا منکر ہے اور تین طلاق پر شرعی گواہ بھی موجود نہیں کہ صرف عورتوں کی گواہی کافی نہیں لہذا اس اقرار سے دو طلاق رجعی بلا شبہ واقع ہو گئیں کہ اقرار کرنا ہی طلاق ہے۔ تیسری طلاق کے بارے میں شوہر کو سمجھایا جاے کہ واقعی تین طلاقیں دی ہیں تو بہت گناہ ہوگا اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ناراض ہوں گے پس اگر مان لے اور تیسری کا اقرار کر لے تو تیسری بھی واقع ہوجاے گی اور اب بغیر حلال ہوے اس سے نکاح جائز نہیں لیکن اگر پھر بھی انکار کرے تو تیسری طلاق کے بارے میں قسم لی جاے اگر وہ تیسری طلاق نہ دینے پر قسم اٹھا لیتا ہے تو شوہر کا قول معتبر ہوگا اور تیسری طلاق واقع نہ ہوگی کیونکہ طلاق کا ثبوت اقرار شوہر یا شہادت شرعی سے ہو سکتا ہے اور یہ دونوں صورتیں یہاں مفقود ہیں۔ پھر اگر شوہر نے جھوٹی قسم کھائی تو اس کا وبال اسی کے سر ہوگا
صحیح مسلم میں عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا و ان الکذب فجور وان الفجور یھدی الی النار

(ج٤، ص٢٠١٣،ش)
تیسری طلاق ثابت نہ ہونے کی صورت میں طلاق دینے کے بعد تین حیض تک رجوع نہیں کیا جیساکہ سوال سے ظاہر ہے لہذا عورت نکاح سے نکل گئی اب اگر اس کو نکاح میں لینا چاہتا ہے تو مہر جدید کے ساتھ نکاح کر لے اور اب صرف ایک طلاق کا مالک ہوگا یعنی اگر زندگی میں کبھی بھی ایک طلاق دی تو طلاق مغلظہ واقع ہوجاے گی۔ واللہ ورسولہ اعلم بالصواب 

کتبہ شان محمد المصباحی القادری

مقام قنوج یو پی

0 Comments:

براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ