Headlines
Loading...



السلامُ علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ میرا سوال ہے عقیقہ کیسے اور کیوں کریں اور اگر والدین کو اسکا علم نہیں یا پھر اُنکے پاس اتنا مالوں وزر نہیں تو اُنکے لیے کیا حکم ہے جواب عنایت فرمائیں المستفی محمد التمس رضوی 

وَعَلَيْكُم السَّلَام وَرَحْمَةُ اَللهِ وَبَرَڪَاتُہْ 

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

جس طرح سے قربانی کی جاتی ہے اسی طرح سے عقیقہ بھی کیا جاتا ہے 

صدر الشریعہ علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں

عقیقہ میں جانور ذبح کرتے وقت ایک دعا پڑھی جاتی ہے اس پڑھ سکتے ہیں اور یاد نہ ہو تو بغیر دعا پڑھے بھی ذبح کرنے سے عقیقہ ہوجائےگا 

عقیقہ کی دعا

اَللّٰهمَّ هذِہٖ عَقِیْقَةُ ابْنِيْ فَإِنَّ دَمَها بِدَمِه وَلَحْمَها بِلَحْمِه وَعَظْمَها بِعَظْمِه وَجِلْدها بِجِلْدِہٖ وَشَعْرَها بِشَعْرِہٖ، اَللّٰهمَّ اجْعَلْها فِدَائً لِابْنِيْ مِنَ النَّارِ

صدر الشریعہ علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں

بچہ پیدا ہونے کے شکریہ میں جو جانور ذبح کیا جاتا ہے اس کو عققیہ کہتے ہیں حنفیہ کے نزدیک عقیقہ مباح و مستحب ہے

(بہار شریعت حصہ 15 عقیقہ کا بیان صفحہ نمبر 355)

حضور اقدس صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا لڑکا اپنے عقیقہ میں گروی ہے ساتویں دن اس کی طرف سے جانور ذبح کیا جائے اور اس کا نام رکھا جائے اور سر مونڈا جائے۔ گروی ہونے کا یہ مطلب یہ ہے کہ اوس سے پورا نفع حاصل نہ ہوگا جب تک عقیقہ نہ کیا جائے اور بعض نے کہا بچہ کی سلامتی اور اس کی نشوونما اور اس میں اچھے اوصاف ہونا عقیقہ کے ساتھ وابستہ ہیں

(بہار شریعت 15 عقیقہ کا بیان صفحہ نمبر 354)

جامع الترمذي کتاب الأضاحی باب من العقیقۃ الحدیث: ۱۵۲۷ ج ۳ ص ۱۷۷

لڑکے کی ولادت پر اگر استطاعت ہوتو دوبکرے یا بکریاں ذبح کرنا یا بڑے جانور میں دو حصے رکھنا مستحب ہے، اور اگر دو کی وسعت نہ ہو تو ایک کا ذبح کرنا بھی کافی ہے، اور بیٹی ہو تو اس کی طرف سے ایک بکرا یا بکری یا بڑے جانور میں ایک حصہ کرنا مستحب ہے

اور اگر اس کی بھی وسعت نہ ہو تو جس قدر ممکن ہو اتنا صدقہ کریں کیوں کہ عقیقہ کرنا واجب یا لازم نہیں

لیکن عقیقہ اسی کو کہا جائے گا جب وہ جانور ذبح کیا جائے جو قربانی میں ذبح کیا جاتاہے، لہٰذا مرغی وغیرہ ذبح کرکے دعوت کردی یا گوشت تقسیم کردیا یا نقد رقم صدقہ کردی یا ویسے ہی بکرے یا گائے کا گوشت خرید کر کھانا بناکر کھلادیا تو یہ عقیقہ نہیں کہلائے گا

والمولی تعالیٰ اعلم بالصواب

از قلم فقیرہ سلمی شاھین امجدی (کردار فاطمی ) ابراہیم پوری 27رجب المرجب 1444ھ 19 فروری 2023ء

0 Comments:

براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ