کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیانِ شرع متین اس مسئلہ میں کہ زید کہتاہے کہ
۱ امامِ اہلِ سنت مولانا احمد رضا فاضل بریلوی رضی اللہ تعالیٰ عنہ چودھویں صدی کے مجددِ اعظم نہیں تھے اس مسئلہ میں بکر کہتا ہے کہ وہ مجدد اعظم تھے کس کا قول صحیح ہے؟ تحریر فرمائیں
۲ زید اپنے آپ کو نقشبندی کہتاہے اس کاکہنا ہے کہ قادریوں کا سلسلہ حضرت علی تک ہے اور نقشبندیوں کا سلسلہ حضرت ابو بکر تک ہے لہٰذا نقشبندی سلسلہ اللہ سے زیادہ قریب اور قادری سلسلہ اللہ سے دور ہے زیدکا قول صحیح ہے یا غلط؟ جواب تفصیل سے تحریر فرمائیں
۳ زید پیران پیر دستگیر محی الدین عبدا لقادر جیلانی کو صر ف اپنے دور کا غوث کہتا ہے اب اس وقت کے غوثِ اعظم نہیں، لہٰذا اس وقت کے غوث اعظم کو تلاش کرو، زید کا قول کہاں تک درست ہے تحریرفرمائیں
المستفی احمد شاہ بن حسین شاہ، سنی مسلم کمیٹی حسن، راجکوٹ گجرات
الجوابــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
۱ اعلیٰ حضرت عظیم البرکت رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو علمائے حرمین شریفین نے مجدد کہا اور ان کے زمانے سے آج تک جملہ علمائے اہلِ سنت وعوام مجددِ دین وملت جانتے مانتے چلے آئے۔ اور خود ان کا کام ان کے احیائے سنت وتجدیدِدین پر شاہدِ عدل ہے۔ او ر جو اپنے زمانے میں احیائے سنت وازالۂ بدعات ومنکرات کرے وہی مجدد ہے۔ خواہ کوئی کہے یا نہ کہے، زید بے قید کی باتوں پر کان نہ دھرا جائے واللہ تعالٰی اعلم
اعلیٰ حضرت علیہ الرحمۃ کے کارہائے نمایاں کی تفـصیل کے لیے امام احمد رضا اوررَدِّ بدعات ومنکرات مصنفہ یٰسین اختر مصباحی کو دیکھیں واللہ تعالٰی اعلم
۲ زید بے قید نے بڑی سخت جرأ ت کی، اس پرتوبہ لازم ہے ورنہ ہر واقفِ حال مسلم اسے چھوڑ دے سلسلۂ قادریہ اور جملہ سلاسل بزرگانِ دین خداورسول تک پہنچانے والے ہیں ان میں کسی سلسلہ کو اللہ سے دُور بتانا خود اللہ سے دُور ہونا ہے واللہ تعالٰی اعلم
۳ زید بے قید کی یہ بات بھی جناب غوثیت مآب میں سخت جرأ ت ہے، اولیائِ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیھم اجمعین کے درمیان تمام اولیاء پر غوثِ اعظم کی فضیلت مُسَلّمْ ہے۔ اور ان کا منصب معلوم ہے۔ زید کا یہ دعویٰ بے دلیل ہے اس پر اس سے توبہ ورجوع فرض ہے واللہ تعالٰی اعلم
کتبہ فقیر محمد اختر رضاخاں ازہری قادری غفرلہ شب ۷؍رجب المرجب ۱۴۰۹ھ نزیل اجمیر معلیٰ
نقل شدہ فتاویٰ تاج الشریعہ جلد اوّل صفحہ نمبر 431 /432
0 Comments:
براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ