Headlines
Loading...



مسئلہ کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ میں کہ بابو علی کو یہ معلوم ہے آخری چہار شنبہ کے دن رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پر جادو کا اثر ہوا تھا اس کے مطابق سنا ہے کہ آپ کا بال مبارک کافروں کو مل گیا تھا۔ جس پر گانٹھیں باندھ کر کنوئیں میں ڈال دیا تھا اور آپ کی طبیعت کچھ علیل ہو گئی تھی۔ اور کافروں نے اس بات پر خوشی منائی تھی اس کے بعد کیا ہوا از راہ کرم شرعی حکم سے مطلع فرمائیں عین نوازش ہوگی

مسئولہ بابو علی کچا باغ مرادآباد ۱۶؍ربیع الاول ۱۳۹۳؁ھ مطابق ۲۰؍اپریل ۱۹۷۳؁ء

الجواب آخری چہار شنبہ کے دن حضور شافع یوم النشور علیہ الصلوٰۃ والسلام پر جادو کے اثر ہونے کی کوئی روایت میرے علم میں نہیں ہے۔ ہاں بخار و سر درد ہونے کی مستند روایت ملتی ہے اور ایک روایت سے اسی دن شفایاب و صحت مند ہونے کی بات ملتی ہے جو کتاب انیس الواعظین کی پندرہویں مجلس میں مذکور ہے سائل نے مجھے زبانی بتایا کہ مجھے صرف یہ دریافت کرنا ہے کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم پر جادو کا اثر بھی ہوا تھا یا نہیں تو اس کا جواب یہ ہے کہ سرکار دو جہاں فخر کون و مکاں حضور نبی کریم رئوف و رحیم علیہ الصلوٰۃ والتسلیم پر جادو کا اثر ہوگیا تھا۔ لبید بن اعصم نے جادو کیا تھا جس کا اثر سرکار پر یہ ہوا تھا کہ ناکردہ کو کردہ تصور فرماتے اس کا تذکرہ کتب احادیث و تفاسیر میں ہے۔ میں صرف ایک حدیث بخاری شریف جلد ثانی مطبع ہاشمی میرٹھ ص ۸۵۷ کی نقل کررہا ہوں

عن عائشۃ قالت سُحِرَ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم حتی انہ لیخیل الیہ انہ فعل الشئی و ما فعلہ (الحدیث)

عائشہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر جادو کیاگیا یہاں تک کہ انہیں خیال ہوتا تھا کہ انہوں نے کچھ کیا حالانکہ نہیں کیا

اسی مضمون کی دوسری حدیث کے آخر میں ہے

فقال (ای النبی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم) اما اللہ فقد شفانی و اکرہ ان اشیر علی احد من الناس شرا

نبیٔ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا لیکن اللہ نے مجھے شفا دی، اور مجھے یہ بات ناگوار خاطر ہے کہ میں کسی آدمی کی طرف بری بات کا اشارہ کروں واللہ تعالی اعلم

نقل شدہ حبیب الفتاوی جلد چہارم صفحہ نمبر 358

0 Comments:

براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ