5.03.2020

افطار کب کرنی چاہئے وقت ہونے پر یا اذان کا انتظار کریں

        السلام علیکم ورحمتہ اللہ تعالی وبرکاتہ

آپ لوگوں کی خدمت میں ایک سوال لے کر حاضر ہوا ہوں سوال یہ ہے کوئی ایسی جگہ ہے جہاں پر افطار کا وقت شروع ہونے کے دس منٹ بعد اذان ہوتی ہے تو کیا اذان کا انتظار کریں گے یا پھر افطار کریں مدلل مفصل جواب عنایت فرمائے

     سائل محمد شاکر رضوی جہاں آباد یو پی 
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
        وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

     الجــــــــــــــــــــواب بعون الملک الوہاب 

سورج غروب ہونے کے بعد روزہ اِفطار کرنے میں تأخیر نہیں کرنی چاہئے، پیارے آقا صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے کہ “میری اُمت خیر پر رہے گی جب تک سحری کھانے میں تأخیر اور (سورج غروب ہونے کے بعد) روزہ اِفطار کرنے میں جلدی کرتے رہیں گے (مسندِ احمد ج:۵ ص:۱۷۲) ایک اور حدیث میں ہے کہ“لوگ ہمیشہ خیر پر رہیں گے جب تک کہ روزہ اِفطار کرنے میں جلدی کریں گے” (صحیح بخاری و مسلم، مشکوٰة ص:۱۷۵)ایک اور حدیث میں ہے کہ“اللہ تعالیٰ فرماتاہے کہ مجھے اپنے بندوں میں سے وہ لوگ زیادہ محبوب ہیں جو اِفطار میں جلدی کرتے ہیں۔”(ترمذی، مشکوٰة ص:۱۷۵)ایک اور حدیث میں ہے کہ“دین ہمیشہ غالب رہے گا جب تک کہ لوگ اِفطار میں جلدی کریں گے کیونکہ یہود و نصاریٰ تأخیر کرتے ہیں۔(ابوداوٴد، ابنِ ماجہ، مشکوٰة ص:۱۷۵)اسی طرح افطاری جلد کرنے کی حکمت یہ ہے کہ اس طرزِ افطاری سے یہود و نصاریٰ کی مخالفت مقصود ہے کیونکہ یہود و نصاریٰ روزہ تاخیر سے افطار کرتے ہیں۔ ستاروں کے ظاہر ہونے تک انتظار کرتے ہیں جس سے نجوم پرستی کا شائبہ پیدا ہوتا ہے۔ جب تک امتِ مسلمہ افطار میں جلدی اور سحری میں تاخیر کرتی رہے گی اس وقت تک سنت کی پابندی اور حدودِ شرع کی نگرانی کی وجہ سے خیریت اور بھلائی پر قائم رہے گی۔مگر یہ ضروری ہے کہ سورج کے غروب ہوجانے کا یقین ہوجائے تب روزہ کھولنا چاہئےـ

             واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

محمد نوشاد عالم کٹیہار بہار الھند( ۸ ـ رمضان المبارک ۱۴۴۱ ھجری

ایک تبصرہ شائع کریں

براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ

Whatsapp Button works on Mobile Device only