گندی ویڈیو دیکھنے سے مذی خارج ہو جائے تو روزہ کا کیا حکم ہے
السلام علیکم و رحمت الله وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان شرح اس مسئلہ کے بارے میں کہ زید کا کہنا ہے کہ گندی ویڈیو دیکھنے سے یا گندی بات کرنے سے اگر مذی خارج ہوجائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا تو کیا زید کا کہنا اس مسئلہ کے بارے میں درست ہے بحوالہ جواب عنایت فرمائیں
سائل محمد رضوان احمد برکاتی بہرائچ شریف یوپی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
وعلیکم السلام ورحمۃاللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوھاب
حالت روزہ میں فحش ویڈیوز دیکھنا اور گندی باتیں کرنا جس کی وجہ سے مذی خارج ہوجائے روزہ نہیں ٹوٹے گا کیونکہ یہ مفسد صوم نہیں ہے اس طرح ویڈیوز وغیرہ دیکھنا ہر مہینہ میں گناہ کبیرہ ہے البتہ ایسی پاک بابرکت والے مہینے میں گندی ویڈیو اور گندی باتیں کرنا مزید اشد گناہ کبیرہ ہے مستحق عذاب جہنم ہےرب کا ارشاد ہے وَ لَا تَقْرَبُوا الْفَوَاحِشَ مَا ظَهَرَ مِنْهَا وَ مَا بَطَنَۚ یعنی برائیوں کے قریب نہ جاؤ جو ان میں کھلی اور چھپی ہو سورہ انعام آیت ١٥١ اور ابو العلاء حضور صدر الشریعۃ علامہ امجد علی اعظمی علیہ الرحمۃ تحریر فرماتے ہیں کہ بوسہ لیا مگر انزال نہ ہوا تو روزہ نہیں ٹوٹا یوں ہی اگر عورت کی طرف بلکہ اس کی شرم گاہ کی طرف نظر کی مگر ہاتھ نہ لگایا اور انزال ہو گیا اگرچہ بار بار نظر کرنے یا جماع وغیرہ کے خیال کرنے سے انزال ہوا اگرچہ دیر تک خیال جمانے سے ایسا ہوا ہو ان سب صورتوں میں روزہ نہیں ٹوٹا۔بہار شریعت جلد اول حصہ پنجم صفحہ ٩٨٢ ان عبارتوں سے معلوم ہوا کہ جب حالت روزہ میں عورت کی شرمگاہ کی طرف نظر کرنے کی وجہ سے انزال ہوا لیکن روزہ نہیں ٹوٹا تو فحش ویڈیوز اور فحش کلامی کی وجہ سے مذی نکل جاۓ تو روزہ نہیں ٹوٹے گا لیکن ایسا شخص توبہ استغفار کرے اور عہد کرے کہ پھر کبھی آئندہ اسی طرح نہ کرے گا اگرچہ رمضان کا مہینہ نہ ہو کیونکہ یہ گناہ کبیرہ ہے اور حالت روزہ میں ایسا کرنے سے روزہ کی نورانیت جاتی رہے گی اور ہمیشہ نیک کام کرے اور تمام برائیوں سے اجتناب کرے
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
کتبہ العبد محمد عمران القادری التنویری غفرلہ
0 Comments:
براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ