شادی شدہ عورت کس طرح علم حاصل کریں
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ شادی شدہ عورت کس طرح علم حاصل کریں برائے مہربانی مہربانی مکمل طور پر جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی
سائل محمد شاکر رضوی جہاں آباد یو پی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
وَعَلَيْكُم السَّلَام وَرَحْمَةُ اَللهِ وَبَرَكاتُهُ
الجـــــــواب بعون الملکـــــ الوھاب
جتنا ممکن ہو اپنے شوہر سے علمِ دین حاصل کرے شوہر پر اس سلسلے میں بڑی بھاری ذمّے داری عائد ہوتی ہے قرآنِ مجید پارہ 28 سورُۃُ التَّحریم کی چھٹی آیت { قُوْۤا اَنْفُسَكُمْ وَ اَهْلِیْكُمْ نَارًا ترجَمۂ کنزالایمان : اپنی جانوں اور اپنے گھر والوں کو اس آگ سے بچاؤ}کے تحت حضرتِ علّامہ جلالُ الدّین سُیُوطِی الشّافِعی علیہ رحمۃ اللّٰہِ القوی تفسیرِ دُرِّمَنثور میں نقل فرماتے ہیں کہ حضرتِ ، علیُّ المُرتَضٰی شیرِ خدا کَرَّمَ اللّٰہُ تعالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم اس آیتِ مبارَکہ کی تفسیر بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں : اس آیت کا تقاضا ہے کہ اپنے آپ کو اور اپنے اہلِ خانہ کو خیر(یعنی بھلائی )کی تعلیم دیجئے اور انہیں آداب ِ زندَگی سکھایئے ۔ (تفسیر درمنثور ج۸ ص۲۲۵) اعلیٰ حضرت، امام اہلسنّت، مجدِّدِ دین و ملت مولیٰنا شاہ امام احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن فتاوٰی رضویہ شریف میں شوہر پر بیوی کے حُقُوق بیان کرتے ہوئے ارشادفرماتے ہیں : ’’نَفَقہ سَکنی(یعنی گزارے کے اَخراجات و رہائش کیلئے مناسِب جگہ)، مہر، حُسنِ مُعاشَرَت(یعنی اچھی طرح رہنے سہنے کا ڈھنگ)، نیک باتوں اور حیاء و حجاب(یعنی شرم و پردے ) کی تعلیم و تاکید اور اس کے خِلاف(عمل کرنے ) سے منع التّہدِید (یعنی سمجھائے دھمکائے نیز)ہر جائز بات میں اِس کی دِلجوئی (کرے ) (فتاوی رضویہ ج۲۴ ص۳۷۱) شرعی مسئلہ درپیش ہو تو اس کی معلومات کی ترکیب بہارِ شریعت میں یہ بیان کی گئی ہےعورت کو مسئلہ پوچھنے کی ضَرورت ہو تو اگر شوہر عالم ہو تو اُس سے پوچھ لے اور عالِم نہیں تو اُس سے کہے وہ پوچھ آئے اور ان صورَتوں میں اُسے خود عالم کے یہاں جانے کی اجازت نہیں اور یہ صورَتیں نہ ہوں تو جا سکتی ہے (بہارِشریعت حصّہ۷ص۹۹، عالَمگیری ج ۱ ص ۳۴۱)
واللّٰہ ورسولہ اعلم بـاالـــــــصـــــــــواب
کتبہ العبد ناچیز محمد شفیق رضا رضوی خطیب و امام سنّی مسجد حضرت منصور شاہ رحمت اللہ علیہ بس اسٹاپ کشن پور الھند
0 Comments:
براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ