Headlines
Loading...

              السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ دیوث کیسے کہتے ہیں برائے مہربانی مکمل طور پر جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی

                   سائل محمد تابش رضا رضوی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
              وَعَلَيْكُم السَّلَام وَرَحْمَةُ اَللهِ وَبَرَكاتُهُ

              الجـــــــواب بعون الملکـــــ الوھاب

جو لوگ باوُجُود ِقدرت اپنی عورَتوں اور مَحارِم کو بے پردَگی سے مَنْع نہ کریں وہ’’ دَیُّوث‘‘ ہیں ۔ رَحمتِ عالمیان ، سلطانِ دوجہان صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ عبرت نشان ہے ، ’’تین شخص کبھی جنّت میں داخل نہ ہوں گے دَیُّوث اور مَردانی وَضْع بنانے والی عورت اور شراب نوشی کا عادی ۔ (مجمعُ الزَّوائد ج ۴ ص ۵۹۹حدیث۷۷۲۲ ) مَردوں کی طرح بال کٹوانے اور مَردانہ لباس پہننے والیاں اِس حدیثِ پاک سے عبرت حاصِل کریں ، چھوٹی بچّیوں کے لڑکوں جیسے بال بنوانے اور انہیں لڑکوں جیسے کپڑے اور ہَیٹ وغیرہ پہنانے والے بھی احتیاط کریں تا کہ بچی اسی عمر سے اپنے آپ کو مردوں سے ممتاز سمجھے اور ہوش سنبھالنے اور بالغہ ہونے کے بعد اس کو اپنی عادات و اطوار شریعت کے مطابق بنانے میں مشکلات درپیش نہ آئیں ۔ حدیثِ پاک میں یہ جو فرمایا گیا کہ ’’کبھی جنّت میں داخِل نہ ہوں گے‘ یہاں اِس سے طویل عرصے تک جنّت میں داخِلے سے محرومی مُراد ہے ۔ کیوں کہ جو بھی مسلمان اپنے گناہوں کی پاداش میں مَعاذَاللّٰہ عَزَّوَجَلَّ دوزخ میں جائیں گے وہ بِالآخِر جنّت میں ضَرور داخِل ہوں گے ۔ مگر یہ یا د رہے کہ ایک لمحے کا کروڑواں حصّہ بھی جہنَّم کا عذاب کوئی برداشت نہیں کرسکتا لہٰذا ہمیں ہرگناہ سے بچنے کی ہردم کوشِش اور جنّتُ الفِردوس میں بے حساب داخِلے کی دُعاء کرتے رَہنا چاہئے ۔ ’’دَیُّوث ‘‘کے بارے میں حضرتِ علّامہ عَلاؤالدّین حَصْکَفِی عَلَیْہِ رَحمَۃُ الْقَوِی فرماتے ہیں ، ’’ دَیُّوث‘‘ وہ شخص ہوتا ہے جو اپنی بیوی یا کسی مَحرم پرغَیرت نہ کھائے ۔ ‘‘ (دُرِّمُختارج۶ ص ۱۱۳)معلوم ہوا کہ باوُجُودِ قدرت اپنی زَوجہ ، ماں بہنوں اور جوان بیٹیوں وغیرہ کو گلیوں بازاروں ، شاپنگ سینٹروں اورمَخْلُوط تفریح گاہوں میں بے پردہ گھومنے پھر نے ، اجنبی پڑوسیوں ، نامَحرم رشتے داروں غیرمَحرم ملازِموں چوکیدار وں اور ڈرائیوروں سے بے تَکلُّفی اور بے پر دَ گی سے مَنع نہ کرنے والے دَیُّوث، جنّت سے محروم اور جہنَّم کے حقدار ہیں 

                 .واللّٰہ ورسولہ اعلم بالصواب

کتبہ العبد ناچیز محمد شفیق رضا رضوی خطیب و امام سنّی مسجد حضرت منصور شاہ رحمت اللہ علیہ بس اسٹاپ کشن پور الھند

0 Comments:

براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ