کیا عورت اپنے مائکے میں مسافر مانی جائیگی
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ اگر زید کی بیوی سسرال سے میکے آئی وہ مسافر ہوگی یا نہیں برائے مہربانی مکمل طور پر جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی
سائل محمد دانش رضا
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
وَعَلَيْكُم السَّلَام وَرَحْمَةُ اَللهِ وَبَرَكاتُهُ
الجواب بعون الملک الوہاب
جو عورت شادی کے بعد مستقلاً سسرال رہنے لگی تو اب اس کا اصلی گھر سسرال ہے۔ اگر وہ میکے آئے جو تین منزل کی مسافت پر ہے تو قصر نماز پڑھے گی(یعنی مسافر ہوجائے گی) جب تک کہ وہ پندرہ دن ٹھہرنے کی نیت نہ کرے۔اگر کوئی عورت شوہر کی اجازت سے تین منزل کی مسافت پر واقع میکے گئی اور ارادہ پندرہ سے کم ٹھہرنے کا ہو تو مسافر رہے گی اور قصر پڑھے گی، مثلاً ہفتہ دس دن کے لئے گئی پھر روزانہ یہ نیت ہو کہ کل روانہ ہوں گی پرسوں روانہ ہوں گی مگر حالات کی بناء پر پندرہ دن سے زیادہ دن گزر گئے تو بھی قصر کرے گی۔(یعنی مسافر ہی رہے گی)جیسا کہ بہار شریعت میں حضور صدر الشریعہ بدر الطریقہ علامہ مفتی امجد علی رضوی اعظمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں عورت بیاہ کر سسرال گئی اور یہیں رہنے سہنے لگے تو میکا اس کے لئے وطن اصلی نہ رہا یعنی اگر سسرال تین منزل پر ہے وہاں سے میکے آئی اور پندرہ دن ٹھہرنے کی نیت نہ کی تو قصر پڑھے(یعنی مسافر ہوگئی) اور اگر میکے رہنا نہیں چھوڑا بلکہ سسرال عارضی طور پر گئی تو میکے آتے ہی سفر ختم ہوگیا نماز پوری پڑھے (یعنی مقیم ہوگئی) ( بہار شریعت جلد اول حصہ چہارم صفحہ ۷۵۱ )
واللہ اعلم بـاالـــــــصـــــــــواب
کتبہ: غلام محمد صدیقی فیضی متعلم (درجہ تحقیق سال دوم) دارالعلوم اہل سنت فیض الرسول براؤں شریف سدھارتھ نگر یوپی الہند ۲۸/ ذی الحجۃ الحرام ۱۴۴۱ بروز بدھ
0 Comments:
براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ