Headlines
Loading...
حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کا نسب نامہ

حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کا نسب نامہ

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ 

حضرت حضور ﷺ اور حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کا نسب مبارک ارسال فرماءیں نیز حضرت عبد مناف کے کتنے لڑکے تھے حوالے کی روشنی میں جواب عنایت فرماکر عنداللہ ماجور ہوں 

المستفتی عبدالرشید قادری بنارس
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 

الجوابـــــ بعون الملکـــــ الوھاب 

حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے نسب شریف کو مواہب لدنیہ میں اس طرح بیان کیا گیا ہے کہ محمد صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم بن عبداللہ بن عبدالمطلب بن ہاشم بن عبد مناف بن قصی (بضم قاف و فتح صاد و تشدید یاء) بن کلاب (بکسر کاف) بن مرہ (بضم میم و تشدید راء) بن کعب (بفتح کاف و سکون عین) بن لوئی (بضم لام و فتح ہمزاء و تشدید یاء) بن غالب بن فہر (بکسر فاء و سکون ہاء بن مالک بن نضر (بفتح نون و سکون ضاد) بن کنانہ (بکسر کاف) بن خزیمہ بن مدرکہ (بضم میم و سکون دال و کسر راء) بن الیاس (بکسر ہمزہ ایک قول کے بموجب اور دوسرے قول کے بموجب بفتح ہمزہ) بن مضر (بضم میم و فتح ضاد) بن نزار (بکسر نون ) بن معد ( بضم میم و فتح عین اور بعض کے نزدیک بفتح میم و سکون عین) بن عدنان (بفتح عین و سکون دال) یہاں تک سلسلۂ نسب میں ارباب سیر اور اصحاب علم النساب سب کا اتفاق ہے اور اس اوپر معلوم و صحیح نہیں ہے ( بحوالہ مدارج النبوۃ مترجم ج:2/ص:17/18/ نسب شریف / شبیر برادرز اردو بازار لاہور ) اور حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کا سلسلۂ نسب باپ کی طرف سے اس طرح ہے معاویہ بن ابو سفیان صخر بن حرب بن امیہ بن عبد شمس بن عبد مناف اور ماں کی طرف سے یوں ہے معاویہ بن ہند بنت عتبہ بن ربیعہ بن عبد شمس بن عبد مناف ( بحوالہ خطبات محرم ص:293/ کتب خانہ امجدیہ مہراج گنج ضلع بستی ) اور عبد مناف کے چار (4) فرزند تھے ایک ہاشم جو نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے والد ماجد حضرت عبداللہ کے دادا ہیں دوسرے عبد الشمس جو بنی امیہ کے جد (دادا) ہیں تیسرے نوفل جو حضرت جبیر بن مطعم کے جد ہیں چوتھے مطلب جو امام شافعی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے جد اعلیٰ ہیں ( بحوالہ مدارج النبوۃ مترجم جلد 2/صفحہ نمبر 21/ شبیر برادرز اردو بازار لاہور ) 

واللہ تعالیٰ اعلم باالصواب 

کتبہ اسرار احمد نوری بریلوی خادم التدریس والافتاء مدرسہ عربیہ اہل سنت فیض العلوم کالا ڈھونگی ضلع نینی تال اتراکھنڈ 30 اگست 2020 بروز اتوار

0 Comments:

براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ