Headlines
Loading...
نماز جنازہ میں آخری صف میں کیوں زیادہ ثواب ہے

نماز جنازہ میں آخری صف میں کیوں زیادہ ثواب ہے

السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ 

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں نماز جنازہ میں آخری صف میں کیوں زیادہ ثواب ہے اور نماز پنجگانہ میں پہلی صف میں وجہ کیا ہے رہنمائی فرمائیں مع حوالہ

سائل شاکر رضا مقام مئو الھند
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

الجواب بعون الملک الوہاب

صورت مسئولہ میں نماز پنجگانہ میں صف اول کو فضیلت حاصل ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ حضور سید عالم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اللہ عز وجل اور اس کے فرشتے سب سے پہلے اول صف پر رحمت بھیجتے ہیں پھر دوسری صف پر پھر تیسری صف پر اور نماز جنازہ میں اس کے بر عکس آخری صف کو فضیلت حاصل ہے اس کی تین وجہیں ہیں پہلی وجہ یہ ہے کہ اس میں تعدد صفوف مطلوب ہے تو اگر صف اول کو فضیلت دی جاتی تو لوگوں کے کم ہونے کی صورت میں سب ایک ہی صف میں رہتے دوسری تیسری صف نہ لگاتے لہذا صف اول کو فضیلت نہ دے کر آخری صف کو فضیلت دی گئی۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ آخری صف والے تواضع وانکساری کے ساتھ میت کے حق میں شفاعت ومغفرت کی دعا کرتے ہیں اور ان کی شفاعت ومغفرت قبولیت کے زیادہ مناسب ہوتی ہے۔تیسری وجہ یہ ہے کہ میت کی نماز پڑھنا بظاہر عبادت اصنام سے مشابہ ہے لیکن اس کو حق ادائیگی مسلم کے لئے حسن قرار دیا گیا ۔ اور وہ صرف نماز جنازہ سے حاصل ہوجاتا ہے لہذا جس قدر میت سے دور رہے گا تشبہ بعبادۃ الاصنام سے دور رہے گا اس لئے بھی آخری صف کو فضیلت حاصل ہوتی ہے۔جیسا کہ نور الانوار صفحہ ۵۱، اور نامی حاشیہ حسامی صفحہ ۵۱ پر مرقوم ہے رد المختار میں ہے( قولہ خیر صفوف الرجال اولھا) لانہ روی فی الاخبار " ان اللہ تعالیٰ اذا انزل الرحمۃ علی الجماعۃ ینزلھا اولا علی الامام، ثم تجاوز عنہ الیٰ من بحذائہ فی الصف الاول ثم الی المیامن ثم الیٰ المیاسر ثم الی الصف الثانی اھ (رد المختار جلد ۱ صفحہ ۵۶۹) نیز اسی میں ہے (قولہ فی غیر جنازۃ) اما فیھا فاخرھا اظھار اللتواضع لانھم شفعاء فھو اخری بقبول شفاعتھم ولان المطلوب فیھا تعدد الصفوف، فلو فضل الاول امتنعوا عن التاخر عند قلتھم رحمتی (رد المختار جلد اول صفحہ ۵۷۰) (ماخوذ: فتاویٰ مرکز تربیت افتاء جلد اول صفحہ ۲۱۵) مذکورہ بالا حوالوں سے معلوم ہوا کہ کہ نماز جنازہ کے آخری صف میں اور نماز پنجگانہ کے پہلی صف میں بہت فضیلت ہے اور بہت ہی اجر و ثواب ہے

واللہ اعلم باالصواب 

کتبہ: غلام محمد صدیقی فیضی متعلم (درجہ تحقیق سال دوم) دارالعلوم اہل سنت فیض الرسول براؤں شریف سدھارتھ نگر یوپی الہند ۲/صفر المظفر ۱۴۴۲ ہجری بروز اتوار

0 Comments:

براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ