کیا جمعہ کے دن عاشورے کا روزہ رکھ سکتے ہیں
السلام علیکم رحمۃ اللہ تعالیٰ وبرکاتہ کیا فرماتے ہیں علمائے دین مفتیان کرام اس مسلہ کے بارے میں کہ عاشورہ کا روزہ 9,10 نو اور دس کو رکھتے تھے اس سال جمعہ و سنیچر کو ہے تو کیا جمعہ کے دن عاشورے کا روزہ رکھ سکتے ہیں کہ نہیں جمعہ کے دن روزے رکھنا درست ہے یا نہیں جواب عنایت فرمائیں بہت بڑی مہربانی ہوگی ساءیل محمد عمر خان سانگلی مہاراشٹر
وعلیکم السلام و رحمۃ اللّٰہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوھاب یقینا عاشورہ کا روزہ نویں اور دسویں محرم کو رکھنا چاہئے کہ حدیث پاک میں ہے کہ آقائے کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دسویں محرم کو روزہ رکھا اور اپنے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو بھی رکھنے کا حکم دیا پھر صحابہ نے عرض کیا یارسول اللہ اس دن کی یہود ونصاریٰ تعظیم کرتے ہیں تو آقائے کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اگلا سال آئیگا تو انشاءاللہ ہم نویں محرم کو بھی روزہ رکھیں گے حدیث پاک کے الفاظ اس طرح ہیں
حدثنا الحسن بن العلی الحلوانی حدثنا بن مریم حدثنا یحییٰ بن ایوب حدثنی یحییٰ ابن امیۃ انہ سمع ابا غطفان ابن طریف المری یقول سمعت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما یقول حین صام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یوم عاشوراء وامر بصیامہ قالوا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم انہ یوم یعظمہ الیہود والنصاری فقال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فاذا کان العام المقبل انشاء اللہ صمنا الیوم التاسع (صحیح مسلم حدیث نمبر ۲۵۶۲ کتاب الصیام)
لہذا جو شخص یوم عاشورہ کا روزہ رکھنا چاہے تو وہ نویں اور دسویں محرم کو روزے رکھے
امسال ۹/محرم جمعہ کا دن اگرچہ پڑتا ہے مگر پھر بھی نویں اور دسویں محرم یعنی جمعہ اور ہفتہ کو روزے رکھے جائیں کہ جمعہ کے دن روزہ رکھنے کی ممانعت جو آئ ہے وہ خاص جمعہ کے دن کے لئے ہے کہ خصوصیت کے ساتھ جمعہ کے دن روزہ رکھنا مکروہ ہے لیکن جب روز جمعہ کے پہلے یا بعد ایک اور روزہ ملا لیا جائے تو اس میں کچھ حرج نہیں چنانچہ حدیث پاک میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم لایصم احدکم یوم الجمعۃ الا ان یصوم قبلہ او یصوم بعدہ (ایضا حدیث نمبر ۲۵۷۹ باب کراھۃ افراد یوم الجمعۃ بصوم لا یوافق عادتہ)
لہذا امسال کے عاشورہ کے روزے ۹ اور ۱۰ محرم الحرام کو رکھے جائیں اگرچہ ۹ محرم کو جمعہ کا دن ہے کیونکہ جمعہ کے دن خاص کر صرف جمعہ ہی کے دن روزہ رکھنا مکروہ ہے لیکن جب جمعہ کے روزہ کے ساتھ جمعہ سے پہلے یعنی جمعرات کو یا جمعہ کے بعد یعنی ہفتہ کو بھی روزہ رکھا جائے تو اس میں کچھ حرج نہیں
وھکذا فی بہار شریعت ج ۱ح۵ص۱۰۱۴ واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
کتبہ محمد مزمل حسین نوری مصباحی دھانگڑھا کشنگنج بہار
0 Comments:
براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ