یہ کہنا کہ نیا نیا مسئلہ گرھ کر نکالتے ہیں تو کیا حکم
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین مندرجہ ذیل مسئلہ میں کہ(۱) اذانِ ثانی جمعہ کی مسجد کے اندر ہونی چاہیے یا باہر؟ یہاں پہلے اندر ہوتی تھی اب ہم نے باہر کر دیا ہے چونکہ شرعی کوئی عذر موجود نہیں اور سب لوگ ایک ملک کے ہیں اس لئے ہم نے ایسا کیا لیکن ایک شخص نے ہنگامہ مچا رکھا ہے لہٰذا ازروئے شریعت مفصل جواب عنایت فرمائیں
(۲) کچھ لوگوں نے یہ کہا لوگ اپنے گھر سے نیا نیا مسئلہ گڑھ کر نکال لیتے ہیں
مستفتی محمد مجیب الرحمٰن
الجوابـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
(۱) مسجد میں اذان دینا مکروہ ہے علماء بالاتفاق فرماتے ہیں
لایؤذن فی المسجد [فتاویٰ قاضی خاں ج ۱ ص۵۱کتاب الصلوٰۃ باب الاذان دارالکتب العلمیۃ بیروت]
مسجد کے اندر اذان دینا منع ہے خود حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانۂ اقدس میں اور اسی طرح شیخین کریمین ابو بکر و عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما کے زمانے میں اذانِ جمعہ منبر کے سامنے دروازئہ مسجد پر ہوتی تھی اور کہیں منقول نہیں کہ اندر اذان دی گئی ہو ابودائود شریف کی حدیث ہے
عن السائب بن یزید رضی اللہ تعالٰی عنہ قال کان یؤذن بین یدی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اذا جلس علی المنبر یوم الجمعۃ علی باب المسجد و ابی بکر و عمر
[سنن ابی داؤدج ۱ ص۱۵۵ کتاب الصلوٰۃ باب وقت صلوٰۃ الجمعۃ اصح المطابع]
یعنی حضرت سائب بن یزید روایت کرتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے رو برو جب حضور منبر پر رونق افروز ہوتے دروازۂ مسجد پر اذان ہوتی اور اسی طرح ابو بکر و عمرکے زمانے میں
یہ مسئلہ خود حدیث سے ثابت ہے ضد اور نفسیانیت کا علاج نہیں ہے مزید تفصیل کے لئے احکامِ شریعت و فتاویٰ رضویہ وغیرہ دیکھیں واللہ تعالٰی اعلم
(۲) عالم کو گالی دینا اور اہانت کرنا بہت سخت ہے علماء نے اس پر حکمِ کفر فرمایا ہے الاشباہ والنظائر میں ہے
الاستھزاء بالعلم والعلماء کفر [الاشباہ والنظائر مع الحموی باب الردّۃ کتاب السیر ج۲ ص ۸۷ زکریابکڈپوسہارنپور]
اس پر توبہ و تجدید ِایمان و تجدید ِنکاح اگر بیوی والا ہو لازم ہے واللہ تعالٰی اعلم
کتبہ فقیر محمد اختر رضا خاں ازہری قادری غفرلہ۱۰؍ذیقعدہ ۱۳۹۶
نقل شدہ فتاویٰ تاج الشریعہ جلد سوم صفحہ نمبر ٣٦١ /٣٦٢
0 Comments:
براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ