Headlines
Loading...
کیا جمعہ کے دن خطبہ ختم ہونے کے بعد امام و مقتدی کا کھڑے ہونا ضروری ہے؟

کیا جمعہ کے دن خطبہ ختم ہونے کے بعد امام و مقتدی کا کھڑے ہونا ضروری ہے؟


کیا جمعہ کے دن خطبہ ختم ہونے کے بعد امام و مقتدی سب کھڑے رہیں؟

سوال کیا فرماتے ہیں علمائے دین مسائل ذیل میں کہ تکبیر کو کھڑے ہوکر سنیں یا بیٹھ کر؟ عمرو کہتا ہے کہ تکبیر کو بیٹھ کر سنیں کھڑے ہوکر سننا مکروہ ہے احکامِ شریعت میں ہے زید کہتا ہے علاوہ جمعہ کے ہر وقت میں تکبیر بیٹھ کر سنیں جمعہ کے دن جب خطبہ کی اذان ہو جائے تو امام خطبہ پڑھے اور دونوں خطبوں کے درمیان بیٹھے یہ بیٹھنا مسنون ہے لیکن جب ختم ہو جائے خطبہ تو امام اور مقتدی سب کو کھڑے رہنا چاہیے۔ جس کو کھڑے ہو کر سنیں جمعہ کی تکبیر بیٹھ کر سننا منع ہے کھڑے ہونے کا حکم ہے حدیث میں آیا ہے کہ اگر جمعہ کی تکبیر میں امام یا مقتدی بیٹھ کر سنے تو حکم یہ ہے کہ اس کو دونوں بازو پکڑ کر کھڑا کر دو جمعہ کی تکبیر میں بیٹھنا ناجائز ہے۔ عمرو کہتا ہے کہ اگر جمعہ کی تکبیر میں بیٹھنا منع ہوتا ہے تو احکامِ شریعت میں جمعہ کے دن کی قید لگی ہوتی کیا وہ عالم نہیں ہیں جو انہوں نے وہ حدیث نہ لکھی لہٰذا گذارش ہے کہ صحیح مسئلہ سے مطلع کریں بینوا توجروا

مستفتی افتخار حسین رضوی موضع تخت پورپوسٹ دینگر پورضلع مرادآباد

الجوابـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

امام جب کہ مقتدیوں کے ساتھ مسجد میں ہوتو پہلے سے کھڑا رہنا نہ چاہیے بلکہ حی علی الفلاح پر کھڑے ہوں دُرِّمختار میں ہے والقیام لامام و مؤتم حین قیل حی علی الفلاح

[درمختار ج۲ ص۱۷۷ کتاب الصلوٰۃ باب صفۃ الصلوٰۃ دارالکتب العلمیۃ بیروت]

عمرو کا قول صحیح ہے زید کا قول غلط ہے جمعہ میں مقتدیوں کو پہلے سے کھڑا رہنا مکروہ ہے وہ اسی وقت کھڑے ہوں جب کہ مکبرّ حی علی الفلاح کہے ہاں امام کو اختیار ہے کہ کھڑا رہے یا بیٹھ جائے زید پر غلط مسئلہ بتانے سے توبہ لازم اور حدیث جو ذکر کی اس کا ثبوت دے ورنہ ڈرے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام ایسے کو مژدۂ نار سناتے ہیں من کذب علی متعمدا فلیتبوا مقعدہ من النار

[فیض القدیرشرح جامع الصغیر حرف المیم ج۵ ص۲۸۷ دارالکتب العلمیۃ بیروت] واللّٰہ تعالٰی اعلم

کتبہ فقیر محمد اختر رضا خاں ازہری قادر ی غفرلہ ۱۰؍شوال ۹۵ھ

نقل شدہ فتاویٰ تاج الشریعہ جلد سوم صفحہ نمبر 157 / 158

0 Comments:

براۓ مہربانی کمینٹ سیکشن میں بحث و مباحثہ نہ کریں، پوسٹ میں کچھ کمی نظر آۓ تو اہل علم حضرات مطلع کریں جزاک اللہ