کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ
زید مسلمان ہے اور اس کی بیوی بھی مسلمان ہے مگر زید مسجد کا امام بھی ہے اور بیوی کو ساتھ لے کر ڈاکٹر کے پاس گیا اور ڈاکٹر سے مشورہ کرکے کچھ روپیہ لے کر اپنی بیوی کا آپریشن کراکے لایا ہے اور پھر وہ امام صاحب مسجد میں امامت بھی کرتے ہیں اور عید اور سارے اسلام کے معاملات بھی اس کی معرفت سے ہورہے ہیں عالم لوگوں کو اس بات کی فکر لگی ہے کہ اس امام کے پیچھے نماز ٹھیک نہیں ہوگی یہ شک پیدا ہوگیا ہے اس لئے آپ حضرات کے دربار میں یہ لکھ بھیجا گیا ہے اور کیا بات ہے کہ امام صاحب کی اولاد زیادہ ہونے کی وجہ سے آپریشن کرایا ہے؟
المستفتی نثار الدین احمد ساکن کشن گننج پوسٹ مالہ پور تھانہ چانچل ضلع مالدہ (بنگال)
الجوابـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
صورتِ مسئولہ میں برتقدیر صدق سوال امامِ مذکور کا یہ جرم اگر شرعاً ثابت و مشتہر ہے تو وہ فاسق ہے اس کے پیچھے نماز مکروہِ تحریمی واجب الاعادہ ہے جب تک توبہ صحیحہ نہ کرے اسے امام بنانا گناہ ہے آپریشن کرانا جائز نہ تھا‘ نس بندی حرام بدکام بدانجام ہے تفصیل کے لئے ہمارا مطبوعہ فتویٰ ہمراہ روانہ ہے
نقل شدہ فتاوٰی تاج الشریعہ جلد چہارم صفحہ نمبر 114
واللہ تعالٰی اعلم
فقیر محمد اختر رضا خاں ازہری قادری غفرلہٗ
۱۰؍شوال المکرم ۱۴۰۴ھ
صح الجواب واللہ تعالٰی اعلم
قاضی محمد عبد الرحیم بستوی غفرلہٗ القوی۸۲؍سوداگران بریلی شریف
