💠 (سوال) ایک ہی مسجد میں تراویح کی دو جماعتیں کرنا کیسا ہے؟ ایک جماعت الم تر (مختصر سورتوں) سے اور دوسری پورے قرآن کی تراویح سے؟
(جواب) ایک ہی مسجد میں تراویح کی دو جماعتیں کرنا مکروہ ہے کہ اس سے مسجد میں انتشار اور اختلاف پیدا ہوتا ہے اور یہ مسجد کے احترام اور اجتماعیت کے اصول کے خلاف ہے۔ ہاں، اگر جگہ کم ہو یا بہت زیادہ بھیڑ ہو، تو کسی اور قریبی جگہ پر دوسری جماعت کا انتظام کیا جا سکتا ہے۔ یہ ممکن نہ ہو تو یکے بعد دیگرے دو جماعتیں ممکن ہوسکتی ہیں کہ اب ضرورت متحق ہوگئی والله تعالى أعلم۔
💠 (سوال) گھر کے اندر مدھو مکھی کا چھتہ ہو جائے تو اس کو کیا کیا جائے گا؟ اسلامی طریقہ کیا ہے؟
(جواب) نقصان پہنچائے بغیر چھتہ محفوظ طریقے سے ہٹانا چاہیے، ترجیحاً ماہر مکھی پالنے والے کی مدد سے۔ بلاوجہ قتل یا آگ لگانا مکروہ ہے جب تک کہ نقصان یا خطرہ نہ ہو۔ والله تعالى أعلم۔
💠 (سوال) چار ماہ کا بچہ ماں کے پیٹ میں تھا اور ڈاکٹروں نے کہا کہ بچہ مر گیا ہے، اسے نکال دیا گیا۔ اب پچیس دن ہو رہے ہیں۔ کیا وہ عورت روزہ رکھ سکتی ہے؟
(جواب) چار ماہ میں بچے کے اعضاء بن چکے ہوتے ہیں، اس لیے اس کے بعد آنے والا خون نفاس ہے۔ نفاس کی زیادہ سے زیادہ مدت چالیس دن ہے اور کم سے کم مدت متعین نہیں۔ اگر پچیس دن سے کم میں خون بند ہوگیا تو وہ طہارت حاصل کرکے روزہ رکھے اور اگر چالیس دن مکمل ہونے سے قبل دوبارہ آگیا تو چونکہ روزہ نفاس کی مدت میں رکھا، اسے قضا کرے گی۔ والله تعالى أعلم۔
💠 (سوال) مسبوق نے امام کے ساتھ امام کے قعدہ اخیرہ میں درود شریف پڑھ لیا۔ کیا اسے اپنی نماز کے اخیر میں سجدہ سہو کرنا ہوگا؟
(جواب) نہیں کرنا ہوگا۔ والله تعالى أعلم بالصواب
كتبه: ندیم ابن علیم المصبور العینی
